بھٹکل 26؍نومبر (ایس او نیوز) سیرت النبی ؐ کے حوالے سے جماعت اسلامی ہند کی جانب سے چلائی جارہی ریاست گیرمہم کی ایک کڑی کے طور پر ادارہ ادب اسلامی ہند شاخ بھٹکل کا حمدیہ و نعتیہ مشاعرہ رابطہ ہال نوائط کالونی میں منعقد ہوا۔
مشاعرے کا آغاز ثناء اللہ اسدی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔سکریٹری جناب مولانا ایس ایم سید زبیر صاحب نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے جماعت کی پندرہ روزہ مہم کی اہم جھلکیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ کس طرح غیر مسلم اداروں اور شخصیات تک سیرت النبیؐ کے تعلق سے کتابوں کے سیٹ پہنچائے گئے اور گفتگو و خطابات کے مواقع نکالے گئے۔
بھٹکل کے نامور شعرائے کرام جیسے جناب اقبالؔ سعیدی ،جناب عبدا لعلیم شاہین، جناب حنیف شاہ شبنمؔ ،جناب علی باشاہ بسملؔ ، جناب مولوی عبدالمغنیؔ اکرمی ندوی،جناب سہیل عرشیؔ ، جناب مولوی شادؔ جامعی ندوی ،جناب محمد عمرانؔ سدی باپا، جناب شاہ بندری صادق نویدؔ ،جناب عنایت اللہ خان ،جناب الیاس سنہری آفاق،جناب ظفراللہ خاں خاطرؔ ،جناب ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا ۔ اس کے علاوہ مشاعرے کے دوران شہر بھٹکل کے تین نامور مرحوم شعرائے کرام جناب ڈاکٹر محمد حسین فطرتؔ ، جناب سید اشرفؔ برماور اور جناب کوثرؔ جعفری صاحب کی نعتیں جعفر حسن قاضیا ، طریف ابوحسینا اور عابد نے خوش الحانی کے ساتھ پیش کیں جسے سامعین نے بہت سراہا۔
ٍٍٍمشاعرے کی صدارت جناب قادر میراں پٹیل صاحب نے کی اور نظامت کی ذمہ داری جناب ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ نے نبھائی۔